بھٹکل،5؍ جون (ایس او نیوز) جمعہ دیر شب کو بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں بادلوں کی گرجدار آوازوں اور بجلیوں کی چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے ساتھ ہی ساحلی کرناٹکا میں مانسون کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی کے ساتھ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں 6 ؍ جون تک زبردست بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات بنگلورو کے ڈائر کٹر سی ایس پاٹل کے مطابق ریاست کے کئی اضلاع میں بھی اگلے تین دنوں تک موسلادھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ راجدھانی بنگلورو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش ہونے کے امکان کے سبب یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 6؍ جون تک ریاست کے ساحلی اضلاع اُترکنڑا ، دکشن کنڑا اور اُڈپی میں زبردست بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان اضلاع میں ہفتہ تک آرنج الرٹ جاری کیاگیا ہے۔
اس کے علاوہ شیموگہ ، ہاسن ، چکمگلور ، کوڈگو اضلاع میں 5 جون کو آرنج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ شہر بنگلورو میں جمعرات کے دن سے زبردست بارش ہورہی ہے، اسی طرح گرج بجلی کے ساتھ ہفتہ کے دن بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بنگلورو میں یلو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
دھارواڑد ، رائچور ، چترادرگہ، بیلگاوی، بیلاری، وجئے پور، دوانگیرے ، ٹمکورو ، چکبلاپور، رام نگر، منڈیا ، میسورو دیگر علاقوں میں زور دار بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔